بسم اللہ الرحمن الرحیم
السلام و علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
آج جو میں آپ کے لئیے ڈش لے کر آئی ہوں۔ اس سے میرے بچپن کی یاد منسلک ہے۔ یہ وہ سادہ اور آسان سا میٹھا ہے جسے میں، اور میرے بہن بھائی بچپن میں اکثر بنایا کرتے تھے۔ مجھے یاد ہے جوں ہی گرمیاں قریب آتیں اور ہر طرف پھلوں کے بادشاہ آم کا راج ہوتا تو میری امی ہم سب کے لیے بازار یا دوکان سے آم لے کر آتی۔۔۔ اور ہم تینوں بہن بھائی بڑے آم کے چکر میں بھاگتے کہ آج بڑا آم میں لوں گا ۔۔۔ حالانکہ ان میں سے کوئی بھی آم چھوٹا نہ ہوتا ۔۔لیکن پھر بھی آم کے لئے سب لالچ جائز ہے😂😂۔ تو ہم تینوں اپنے اپنے حصے کا بڑا سا آم لے کر دھو کر اسے فریزر میں رکھ دیتے تاکہ وہ اچھے سے جم جائے۔ آم کے چھلکے اتار کر دودھ کے ساتھ ہم یہ میٹھا بناتے۔ اور پھر آرام سے چارپائی پر بیٹھ کر چمچ کے ساتھ مزے لے لے کے آم کے اس میٹھے سے لطف اندوز ہوتے۔ بچپن تو گزر گیا لیکن آم کا یہ میٹھا اب بھی ہم بڑے شوق سے بناتے اور کھاتے ہیں۔ تو چلئیےشروع کرتے ہیں۔ امید کرتی ہوں باقی ریسپی کی طرح آپکو یہ آسان سی ریسپی بھی اچھی لگے گی۔
اجزاء:-
▪ آم 1 عددبڑا
▪ دودھ 1 کپ
▪ چینی حسب پسند
ترکیب:-
آم کو دھو کر فریزر میں رکھ دیں۔ تاکہ آم اچھی طرح سے جم جائے۔
فریزر میں سے نکال کر چھری کی مدد سے آم کو چھیل کر۔ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔
بلینڈر میں دودھ، چینی اور آم کے ٹکڑوں کو اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔
سرونگ کپ یا گلاس میں ڈال کر اسی وقت پیش کریں۔
آم کے میٹھے کی کنسسٹینسی گاڑھی رکھیں۔
No comments:
Post a Comment